نوجوان طبقہ معرکہ حق اور جشن آزادی کے سلسلے میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے رہا ہے، سید ناصرشاہ

منگل 12 اگست 2025 16:47

نوجوان طبقہ معرکہ حق اور جشن آزادی کے سلسلے میں بھرپور طریقہ سے حصہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور قیادت میں بھرپور شمولیت کے لیے عملی اقدامات کرتی آئی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ پروگرام، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز، اسکل ڈویلپمنٹ اسکیمز اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے منصوبے شروع کیے ہیں، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ، اسٹارٹ اپ انکیوبیشن سینٹرز، آئی ٹی ٹریننگ اور انٹرن شپ پروگرامز جیسے منصوبے جاری ہیں، جو ان کی تخلیقی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نوجوان طبقہ معرکہ حق اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے اور ان کا جوش و جذبہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وژن یہ ہے کہ نوجوان صرف ملکی ترقی کا حصہ نہ بنیں بلکہ اس کی قیادت سنبھالیں۔ "ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنی تعلیم، ہنر اور صلاحیت کے بل بوتے پر دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔"