پشاور، ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی لنڈی اخون احمد میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اتوار 10 اگست 2025 17:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی زیرِ نگرانی اور پشاور کے مخیر حضرات کے تعاون سے لنڈی اخون احمد (نزد امتیاز مال، میر ہادی حجرہ) میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس فلاحی اقدام کا مقصد غریب، نادار اور مستحق افراد کو مفت طبی معائنہ اور بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) سید بشارت حسین نے کیمپ کا دورہ کیا، انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور معاون عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے ایسے اقدامات کو ترجیح دیتی ہے، کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے 500 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور مرض کی نوعیت کے مطابق ادویات بھی فراہم کیں،علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو ضلعی انتظامیہ کا قابلِ ستائش کام قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ، ڈاکٹر کومل، ڈاکٹر احد، ڈاکٹر بلال، ڈاکٹر رافع، سید احسن علی شاہ، میر ہادی، ڈاکٹر رضوان اور حاجی حسین احمد نے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں جبکہ سول ڈیفنس اسٹاف اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بھی جذبۂ خدمت کے تحت بھرپور تعاون کیا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق ایسے فری میڈیکل کیمپس آئندہ مزید علاقوں میں بھی منعقد کئےجائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مفت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے سماجی رہنما ملک بلال ایاز کا کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :