Live Updates

فوجی آپریشنز مسائل کا حل نہیں، حکمران تعصبات پھیلا کر قومی وحدت کو نقصان نہ پہنچائیں‘حافظ نعیم الرحمن

قربانیاں ہم دیں اور اقتدار کوئی اورلے اڑے،اب ایسا نہیں ہوگا۔ جماعت اسلامی کسی کو کندھا فراہم نہیں کرے گی لاہور میں منعقد ہونے والا اجتماع عام سیاسی دھارے کا رُخ موڑ دے گا، امیر جماعت اسلامی کا تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب

اتوار 10 اگست 2025 20:50

فوجی آپریشنز مسائل کا حل نہیں، حکمران تعصبات پھیلا کر قومی وحدت کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر سرمایہ داروں جاگیرداروں اور اسٹبلیشمنٹ کا تسلط ہے۔ حکمران تعصبات پیدا کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔صوبائی اور لسانی تعصبات سے لوگوں کے درمیان نفرتیں پھیل رہی ہیں جو قومی وحدت اور یکجہتی کیلئے انتہائی مہلک ہیں۔

فوجی آپرپشنز سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکا اور نہ آئندہ ہوگا۔لوگوں کو احساس تحفظ دیا جائے تو معاملات خود بخود بہتر ہوسکتے ہیں۔سیاسی ڈان بد دیانتی کے کام انتہائی دیانتداری سے کررہے ہیں۔حکومت اور اپوزیشن مل بانٹ کر کھانے کے ماہر ہیں۔جماعت اسلامی تعصبات کے بت پاش پاش کرکے ملک میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور عوام کی محرومیاں دور کرنے کی جدوجہد کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کا نومبر میں لاہور میں ہونے والا اجتماع عام قومی تاریخ کا دھارا موڑ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں حلقہ لاہور تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکریٹری اظہر بلال، اوردیگر راہنما بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ کے بچے بھوک پیاس اور اسرائیلی بمباری سے روزانہ شہید ہورہے ہیں۔

ہم ان بچوں کو موت کے منہ میں جاتے نہیں دیکھ سکتے،یہ ہمارے بچے ہیں مگر بے حس حکمران ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بارے میں رائے عامہ تبدیل ہورہی ہے۔عام آدمی اپنے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کو امید کی کرن سمجھتا ہے۔جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں ایک بڑی عوامی قوت کے طور پر لیڈ کرے گی اور ہم ملک و قوم کو چوروں اور لٹیروں سے نجات دلا کررہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فیصلے خود کریں گے اور کسی سرکاری اہلکار کو یہ حق نہیں دیں گے کہ وہ حکومتی فیصلوں میں مداخلت کرے۔ہم رائے عامہ کو منظم کرکے محلے اور یونین کونسل کی سطح پر عوامی کمیٹیاں بنائیں گے تاکہ عوام کے مسائل فوری حل ہو سکیں۔جماعت اسلامی ظلم و جبر کے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے عوام کو ساتھ ملا کر چلے گی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ جب تک سودی نظام مسلط ہے معیشت ٹھیک ہوسکتی ہے نہ غربت مہنگائی اور بے روز گاری جیسے مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔

سود ایک نحوست ہے،اسے ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس نظام معیشت کو سرمایہ داروں،جاگیرداروں اور آئی ایم ایف کے تنخواہ داروں کی گرفت سے آزاد کرائے گی۔ہمارے مقاصد بالکل واضح ہیں۔ہم آنے والی نسلوں کا مستقبل تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ملک کے کروڑوں نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس اور پریشان ہیں۔ہم ان نوجوانوں کا سہارا بنیں گے اور انہیں ملک کے مفید شہری بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک و قوم کو مسائل کی اس دلدل سے نکالنے کیلئے جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات