سی ڈی اے اور ایم سی آئی کا اسلام آباد میں سائیکلنگ مقابلہ کا انعقاد، صحت مند، پائیدار اور ترقی یافتہ وفاقی دارالحکومت کے قیام کی جانب اہم قدم

اتوار 10 اگست 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ، ڈی ایم ای ایم سی آئی کے اشتراک سے اتوار کو اسلام آباد میں ایک شاندار سائیکلنگ مقابلہ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی اور صاف و سرسبز دارالحکومت کے وژن کو فروغ دینا تھا۔اس مقابلے میں پیشہ ور سائیکلسٹس، شوقیہ سائیکل سواروں اور ہر عمر کے شہریوں نے بھرپور شرکت کی، جو سائیکلنگ کو بطور کھیل، تفریح اور ماحول دوست سفری ذریعہ اپنانے میں بڑھتی عوامی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے شرکاء سے خطاب میں سائیکلنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحت مند، پائیدار اور جدید وفاقی دارالحکومت کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ نہ صرف جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے، آلودگی میں کمی اور غیر موٹرائزڈ ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مددگار ہے۔

“سائیکلنگ محض ایک کھیل نہیں بلکہ طرزِ زندگی ہے جو فٹنس، ماحول کے تحفظ اور کمیونٹی اسپرٹ کو فروغ دیتی ہے۔ سائیکلنگ کو فروغ دے کر ہم شہریوں کی صحت اور اسلام آباد کی پائیداری میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔چیئرمین نے مزید کہا کہ سی ڈی اے سائیکلنگ ٹریکس کی تعمیر، سائیکل سواروں کے لیے روڈ سیفٹی میں بہتری، اور شہری منصوبہ بندی میں سائیکلنگ انفراسٹرکچر کے انضمام کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کو پائیدار شہری ٹرانسپورٹ کا ماڈل شہر بنایا جائے گا۔مقابلہ انعامات اور اسناد کی تقسیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، اور چیئرمین نے ایم سی آئی، سی ڈی اے کی ٹیموں، رضاکاروں اور سائیکلنگ کلبز کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت یہ ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔