پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے سستی محفوظ اورقابل تجدید توانائی نا گزیر ہے،فیصل آباد چیمبر آف کامرس

پیر 11 اگست 2025 15:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے روح رواں انجینئر احمد حسن نے شمسی توانائی بارے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے سستی محفوظ اورقابل تجدید توانائی نا گزیر ہے لہٰذاحکومت کو شمسی توانائی کے فروغ کیلئے سولر پینلز پر عائد ٹیکسوں میں فوری کمی کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کی توانائی کی ضرورتوں کو فوری طور پر پورا کرنے کیلئے شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اس کو سستا بنانا بھی ضروری ہے جس کیلئے صرف ٹیکسوں میں کمی ہی کافی نہیں بلکہ اس مقصد کیلئے سستے قرضے بھی مہیا کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں اس خطے میں 17گھنٹوں تک سورج کی روشنی دستیاب ہوتی ہے لیکن ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا رہے جبکہ اس کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی اور خاص طور پر کاربن کے بڑھتے ہوئے اخراج کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور درآمدی تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے ذرائع جیسے شمسی کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔انجینئر احمد حسن نے فیصل آباد میں شمسی توانائی یا الیکٹرک وہیکلز پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اس شہرمیں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔