جماعت اسلامی پاکستان 21، 22 اور 23 نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخ ساز اجتماع کرے گی

پیر 11 اگست 2025 15:19

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)جماعت اسلامی پاکستان 21، 22 اور 23 نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخ ساز اجتماع کرے گی جس میں اسلامی تحریکوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔جماعت اسلامی سرگودھا کے راہنما ملک محمود حسین اعوان نے کہا کہ اب جماعت اسلامی بہترین اچھے آپشن کے ساتھ سامنے آئے گی تاکہ گلے سڑے نظام سے جان چھڑوائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا نوجوان اس ملک سے مایوس ہیں کیونکہ نوکریاں نہیں،غریب کیلئے تعلیم کے دروازے بند اور طبقاتی نظام تقسیم ہو چکے ہیں ملک میں مخصوص طبقہ جمہوری آزادی چھینتا اور معیشت کو برباد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ قوم کو بھکاری بنانے اور سیاسی فائدہ کا پروگرام ہے۔ کسانوں کو کوئی حقوق حاصل نہیں ان کی کم سے کم تنخواہ پر تو بات کرتے ہیں لیکن تنخواہ ہی نہیں ملتی، ٹھیکیداری نظام کے تحت خواتین سے کام لیا جاتا ہے انہیں تو ملازمت کے حقوق بھی حاصل نہیں ہیں۔ایسے نظام سے نجات اور اپنے حقوق کے لئے جماعت اسلامی انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت اور دورس نتائج برآمد ہونگے۔