کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے 10,000 سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں غذائی امداد تقسیم کی گئی، تر جمان

پیر 11 اگست 2025 19:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے ادارے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے مستحق اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے لیے غذائی امداد کی فراہمی کا ایک اہم اقدام جاری ہے۔تر جمان کے مطابق یہ منصوبہ نیشنل اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے تعاون سے فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ (مرحلہ سوم) کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد سیلاب اور دیگر آفات سے متاثرہ خاندانوں کو خوراک کی کمی سے بچانا اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہے،اس منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا کے 11 اضلاع میں 10,000 فوڈ پیکجز تقسیم کیے جا رہے ہیں،اب تک بونیر، بٹگرام، تورغر، شانگلہ ، دیر بالا ،لوئر اور اپر چترال اور لوئر کوہستان کے علاقوں میں اب تک 8000 فوڈ پیکجز مستحق خاندانوں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی 2000 فوڈ پیکجز کی تقسیم کا عمل جلد ہی لوئر دیر، اپر کوہستان اور کولائی پالس میں جلد مکمل کر لیا جائے گا، ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، اور 5 کلو دال چنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امدادی اشیا کی تقسیم کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی، ضلعی انتظامیہ، مقامی حکام اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے جاری ہے تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت اور منظم طریقے سے مدد فراہم کی جا سکے۔