مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیر اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے تعاون سے بیڈمنٹن سمر تربیتی کیمپ اختتام پذیر

پیر 11 اگست 2025 22:41

مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیر اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے زیر اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے تعاون سے مطاہر اکیڈمی بیڈمنٹن سمر تربیتی کیمپ شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس، راولپنڈی میں اختتام پذیر ہوگیا۔ سمر تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل راجہ اظہر، فنانس سیکرٹری پرویز بٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی اور غلام رشید نے شرکاء میں اسناد تقسیم کی۔

تقریب میں سپورٹس ہائوس رحمان آباد راولپنڈی کے سربراہ اور مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مطاہر سہیل نے سمر کیمپ کی رپورٹ پیش کی۔ کیمپ میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے طلبا وطالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سمر کیمپ ہر سال تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران 20 جون سے شروع کیا جاتا ہے اور اگست کے پہلے ہفتہ تک جاری رہتا ہے۔آخر پر پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل راجہ اظہر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے اپنے خطاب میں مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کی بیڈمٹن کے فروغ اور ترقی کے لئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ مطاہر بیڈمنٹن اکیڈمی راولپنڈی کے تربیت یافتہ کھلاڑیوں کو ملکی سطح کے مقابلوں میں قومی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔