سٹی ٹریفک پولیس مری نے جشن آزادی کے موقع پر سیاحوں کی آمد کے پیشِ نظر منظم اور مربوط ٹریفک پلان جاری کردیا

پیر 11 اگست 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) سٹی ٹریفک پولیس مری نے جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں کی آمد کے پیشِ نظر منظم اور مربوط ٹریفک پلان جاری کردیا ہے تاکہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس حوالہ سے چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر نے کہا ہے کہ مری ٹریفک پولیس کے200سے زائد افسران و اہلکار ٹریفک ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سے تما م ٹریفک بذریعہ ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ سے آ جا سکے گی۔ضلع مری میں ویو فورتھ روڈ، بنک روڈ، ہال روڈ، کلڈنہ روڈ، امتیاز شہید روڈ کو ون وے کر دیا گیا ہے۔مال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیئے بند کر دی گی۔ٹریفک کی بہتر روانی کے لیئے مری کے پانچ سیکٹر بنا دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مری آنے والے سیاحوں کو مکمل سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔

مری میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 06 بجے سے رات02 بجے تک مکمل بند رہے گا۔بڑی بسیں اور دیگر بڑی گاڑیاں مری بروری ، بانسرہ گلی اور لوئر ٹوپہ سے آگے نہ جا سکیں گی۔آزاد کشمیر جانے والی گاڑیاں ایکسپریس وے سے جا سکیں گی۔جی پی او چوک، جھیکا گلی چوک، کلڈنہ چوک، سنی بنک چوک کے گردونواح 200میٹر تک ہر قسم کی پارکنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔جی پی او چوک کو پارکنگ فری قرار دیا گیا ہے۔

سی ٹی او مری وسیم اختر نے کہا کہ ضلع مری میں سب سے بڑا مسئلہ پارکنگ کا ہے اس لیے سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ صرف مختص شدہ جگہوں پر گاڑیاں پارک کریں۔ مری میں کسی بھی جگہ ٹریفک مسائل پیش آنے کی صورت میں ٹریفک کنٹرول روم نمبر 0519269200پر رابط کریں۔پوائنٹس پر کھڑے ٹریفک وارڈنز افسران کی ہدایات پر اور روڈز پر لگے سائن بورڈز پر عمل کر کے ایک اچھے اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔