ڈی آئی خان،ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں خواتین سمیت14افراد زخمی

پیر 11 اگست 2025 20:05

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)درازندہ اور چشمہ روڈ پر ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں خواتین سمیت14افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی بس کا درازندہ کے مقام پر ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 12افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں کوئٹہ، لورالائی، آزاد کشمیر، قلعہ سیف اللہ اور صوابی کے رہائشی مسافر شامل ہیں۔

ریسکیو 1122کی ٹیموں نے فوری طور پر اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں فوری طور پر قریبی ٹائپ ڈی ہسپتال درازندہ منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت کے مطابق ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ حادثے کی وجہ سے بس کا اگلا حصہ شدید متاثر ہوا جبکہ ٹرک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں محمد اقبال، سعید الرحمن، سید اقبال، ارسلان، محمد عامر، ولی محمد، انعام اللہ، ثنا اللہ، عاصم ضیا، حارث سلطان، نورجہاں بی بی اور عشرت بی بی شامل ہیں، جنہیں ہسپتال میں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، دوسرے واقعہ میں چشمہ روڈ سیگڑی بنگلہ کے مقام پر ڈمپر کی کھجور سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر کے باعث بلوٹ کے رہائشی 2مزدور شدید زخمی ہو گئے جبکہ ٹریکٹر نہر میں جا گرا کھجوریں روڈ پر بکھر گئیں، حادثہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر پہاڑپور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔