باجوڑ ،ضلعی انتظامیہ ،فلاحی تنظیموں کی آپریشن متاثرین کی مدد جاری

ماموند کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے افراد سپورٹس کمپلیکس ، سرکاری و پرائیوٹ کالجزو سکولز ،رشتہ داروں کے ہاں مقیم

پیر 11 اگست 2025 20:05

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے آپریشن متاثرین کی مدد جاری ہے،تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنیوالے افراد کوباجوڑ سپورٹس کمپلیکس ، سرکاری کالجزو سکولز ، پرائیویٹ سکولز اور رشتہ داروں کے ہاں مقیم کردیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی کے ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باجوڑ لودان شاہد نے متاثرین کیلئے 309مردوں کے سرکاری سکول جبکہ 140فیمیل سکول خالی کئے ہیںجبکہ سرکاری سکولوں کیساتھ ساتھ متاثرین کیلئے 113 پرائیویٹ سکول بھی خالی کئے گئے ہیں جس میں 60خار کے قریب ہیں۔

متاثرین کے مرکزی کیمپ باجوڑ سپورٹس کمپلکس ، ٹیکنیکل کالج عنایت کلی، کامرس کالج خار ، ڈگری کالج خار میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ سکولوں اور مختلف سرکاری بلڈنگز میں بھی متاثرین کو ایڈجسٹ کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے نقل مکانی کرنیوالے افراد کیلئے باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں450خیمے لگاکر کیمپ قائم کردیا ہے جبکہ مختلف سرکاری سکولوں میں بھی متاثرین کو پناہ دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ صحت باجوڑ کے ڈی ایچ او ڈاکٹر گوہر علی کی قیادت میں ڈی ایچ او سٹاف اور خار ہسپتال سٹاف نے مشترکہ طور پر باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں آپریشن متاثرین کو صحت کی سہولت دینے کیلئے کیمپ قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریسکیو 1122نے بھی باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں میڈیکل کیمپ لگایاہے۔موجودہ حالات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر امجد خان کے زیرِ نگرانی باجوڑ سپورٹس کمپلیکس خار میں فرسٹ ایڈ/میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

سپورٹس کمپلیکس خار میڈیکل کیمپ میں اب تک تقریبا 18مریضوں کو بنیادی طبی امداد فراہم کی گئی ہیں جن میں بعض مریضوں کو مزید علاج معالجے کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کیا گیا۔ دوسری ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کیلئے محفوظ مقامات تک مفت سفری سہولیات کا بندوبست بھی کیا گیاہے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی جانب سے نقل مکانی کرنیوالے متاثرہ خاندانوں کیلئے گاڑیاں اور بسیں فراہم کی گئی ہیں جن کے ذریعے انہیں مکمل حفاظت اور عزت کے ساتھ محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

متاثرین کیلئے مختلف فلاحی تنظیموں نے کھانے پینے کا بھی بندوبست کردیا ہے جبکہ مقامی لوگ دل کھول کر متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ نہ کیا جائے کیونکہ گرمی کی وجہ سے متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے۔