چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ندیم محبوب سے ہواوے کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پیر 11 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ندیم محبوب سے ہواوے کے ایک وفد نے پیر کے روز ملاقات کی ،ملاقات میں جاری تعاون اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو فروغ دینے کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہواوے کے وفد میں وائس سی ای او پبلک افیئرز یو شاونگ، منیجنگ ڈائریکٹر انٹرپرائز بزنس گروپ (ای بی جی) پان فینگ اور اکائونٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن علی رضا شامل تھے۔

ملاقات میں ہواوے نے ایچ ای سی کے ساتھ اپنے 15 سالہ شراکت داری اور ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) منصوبوں میں اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ وفد نے یونیورسٹیوں میں آئی سی ٹی اکیڈمیز کے قیام کو پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیلنٹ کی تیاری کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

(جاری ہے)

ہواوے نے بتایا کہ اس سال کے عالمی آئی سی ٹی مقابلے میں پاکستانی یونیورسٹی ٹیموں نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی جو آئی سی ٹی تعلیم اور تربیت میں اس شراکت داری کے مثبت اثرات کا مظہر ہے۔

کمپنی نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انضمام اور نیٹ ورک انفراسٹرکچر و خدمات کی اپ گریڈیشن کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ہواوے نے ایچ ای سی کو شنگھائی میں ہونے والے "ہواوے کنیکٹ 2025" عالمی ایونٹ میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی جہاں پاکستان کے "ایجوکیشن کلائوڈ" پر کیس سٹڈی کلائوڈ اینڈ اے آئی سمٹ میں پیش کی جائے گی۔چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہواوے کی مسلسل معاونت کو سراہا اور ڈیجیٹل جدت کے نئے دور میں مستقبل کے تعاون پر امید کا اظہار کیا۔