پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے غیر دانشمندانہ اور بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے،بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کا مناسب جواب دیا جائے گا ،ترجمان دفتر خارجہ

پیر 11 اگست 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے غیر دانشمندانہ اور بے بنیاد بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، جو حقائق کو مسخ کرنے اور بیانات کو غلط تناظر میں پیش کرنے کا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے منسوب بیان پر کئے گئے تبصروں کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے غیر دانشمندانہ اور بے بنیاد بیانات کی سختی سے تردید کرتا ہے، جو حقائق کو مسخ کرنے اور بیانات کو غلط تناظر میں پیش کرنے کا ان کا پرانا وطیرہ ہے، بھارت کا دعویٰ کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کے ذریعے بلیک میل کر رہا ہے، ایک گمراہ کن اور خود ساختہ بیانیہ ہے، پاکستان طاقت کے استعمال یا دھمکیوں کے استعمال کی ہمیشہ مخالفت کرتا آیا ہے، بھارت کا جارحانہ رویہ اور جنگی جنون غیر معقول الزامات کا سبب بنتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ملک ہے جس کا مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل کنٹرول میں ہے، ہمیشہ سے ہی پاکستان نے انتہائی اہم معاملات میں نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے دہشت گردی مخالف مسلسل اور قابل اعتماد اقدامات بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف ڈھال کی حیثیت رکھتی ہیں، بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد الزامات غیر ذمہ دارانہ اور بغیر کسی ثبوت کے ہیں، ہم توجہ دلاتے ہیں کہ بھارت نے پاکستان پر دبائو ڈالنے کے لیے تیسرے ملک کا غیر ضروری حوالہ دیا ہے، جو نہ صرف بھارت کے سفارتی اعتماد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ دیگر ممالک کو غیر ضروری طور پر شامل کرنے کی ایک ناکام کوشش بھی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اور جنونی رویے کے برعکس پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن بن کر کام کرتا رہے گا تاہم بھارت کی کوئی بھی جارحانہ کارروائی یا پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا، کسی بھی تصادم کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔