اسلام آباد میں انٹرنیشنل میعار کا کرکٹ سٹیڈیم بننے کو تیار، F9 پارک تعمیر کیلئے منتخب

سٹیڈیم ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کے حوالے سے سابق کپتان راشد لطیف سی ڈی اے کو معاونت فراہم کریں گے : ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 اگست 2025 12:41

اسلام آباد میں انٹرنیشنل میعار کا کرکٹ سٹیڈیم بننے کو تیار، F9 پارک ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2025ء ) اسلام آباد میں انٹرنیشنل لیول کا کرکٹ اسٹیڈیم بننے کو تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے ایف نائن پارک کو کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے منتخب کرلیا ہے اور اس سلسلے میں سی ڈی اے نے ماہرانہ رائے کے لیے راشد لطیف کو آن بورڈ لے لیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسٹیڈیم ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کے حوالے سے 54 سالہ راشد لطیف سی ڈی اے کو معاونت فراہم کریں گے، راشد لطیف نے اس سے قبل اسلام آباد کلب کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

گرین ایریا پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے قانونی رکاوٹوں کو بھی دیکھا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم میں بیشتر حصے کو گرین ایریا رکھنے کی تجویز زیر غور ہے جس کے تحت جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز میں کرکٹ اسٹیڈیمز کی طرح چند انکلوژرز میں گرین ایریا رکھا جائیگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی جانب سے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی کلئیرنس کے لیے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔ 
اس سے قبل سپریم کورٹ نے شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کو روک دیا تھا۔