Live Updates

بہتری مقصود ہے تو محسن نقوی کو ہٹا کر کسی قابل شخص کو اس عہدے پر تعینات کیا جائے جس کو کرکٹ کی سمجھ ہو : عمران خان

2021ء میں اسی پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن اب ٹیم مسلسل ہار رہی ہے کیونکہ اسکی باگ دوڑ محسن نقوی جیسے شخص کے ہاتھ میں دیکر پاکستان کرکٹ کو غیر مستحکم کر دیا گیا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 ستمبر 2025 17:38

بہتری مقصود ہے تو محسن نقوی کو ہٹا کر کسی قابل شخص کو اس عہدے پر تعینات ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2025ء ) ورلڈ کپ 1992ء کے فاتح پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان ، لیجنڈری آل رائونڈر اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی 2025ء کے فائنل میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست پر ردعمل کا اظہار کردیا۔
اڈیالہ جیل سے جاری کردہ اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں عاصم منیر کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر کرکٹ کی بہتری مقصود ہے تو محسن نقوی کو ہٹا کر کسی قابل شخص کو اس عہدے پر تعینات کیا جائے جس کو کرکٹ کی سمجھ ہو۔

جب سے پی سی بی کی سربراہی محسن نقوی کو سونپی گئی ہے، کرکٹ کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے‘۔ 
 
عمران خان نے مزید کہا کہ 2021ء میں اسی پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن اب ٹیم مسلسل ہار رہی ہے کیونکہ اس کی باگ دوڑ محسن نقوی جیسے شخص کے ہاتھ میں دے کر پاکستان کرکٹ کو غیر مستحکم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ محسن نقوی دور میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو مسلسل پانچویں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 
محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے، بھارت کیخلاف مسلسل شکستوں، 34 سال بعد ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں شکست، امریکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست، بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ، ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری نمبر، پاکستان کرکٹ کے زوال نے شائقین کرکٹ کو پریشان کر دیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں آمد کے بعد سے پاکستان کی کرکٹ نے زوال کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ 
سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے اب تک کھیلے گئے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دنیا میں سب سے بدترین ریکارڈ رہا ہے۔ 
پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران 74 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جن میں سے اسے 42 میں شکست ہوئی۔

گزشتہ ایک سال کے دوران کسی دوسری ٹیم کو اتنے ٹی ٹونٹی میچز میں شکست نہیں ہوئی۔ محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا ریکارڈ بن چکا ہے۔ 
محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں امریکا سے شکست کھا چکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں بھی پاکستان کو شکست ہو چکی، پاکستان ہوم گراونڈ پر کمزور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی ناکام رہا جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کو آخری نمبر ملا۔ 
اس کے علاوہ صرف ایک سال میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شکست ہوئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات