Live Updates

شکیب الحسن کا کیریئر تنازعے کا شکار

منگل 30 ستمبر 2025 15:01

شکیب الحسن کا کیریئر تنازعے کا شکار
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) بنگلادیش کے سپورٹس ایڈوائزر آصف محمود کے اس اعلان کہ شکیب الحسن کو دوبارہ قومی ٹیم میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معروف بنگلہ دیشی آل راؤنڈر بین الاقوامی کیریئر ایک نئے تنازعے کا شکار ہو گیا ہے ۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ تنازعہ اُس وقت شروع ہوا جب شکیب الحسن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

سپورٹس ایڈوائزر آصف محمود نے مقامی چینل 24 کو انٹرویو میں کہاکہ میری طرف سے اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو صاف ہدایت ہے کہ شکیب الحسن اب کبھی بنگلادیش کے لیے نہ کھیلیں کیونکہ وہ عوامی لیگ کی سیاست سے مضبوط طور پر جُڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شکیب نے پہلے یہ دعویٰ کیا تھا کہ عوامی لیگ نے انہیں زبردستی 2024 کے عام انتخابات میں امیدوار نامزد کیا تھا اور وہ صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے تھے لیکن سچ یہ ہے کہ شکیب الحسن سیاست میں مکمل طور پر ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن گزشتہ سال جنوری سے اگست تک عوامی لیگ کے ٹکٹ پر پارلیمنٹ کے رکن رہے لیکن سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے وہ ملک سے باہر ہیں ۔گزشتہ سال وہ پاکستان اور بھارت کے خلاف ٹیسٹ کھیل چکے ہیں، تاہم گزشتہ 12 مہینوں سے انہیں قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا اور وہ مختلف ممالک فرنچائز لیگز میں کھیلتے رہے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات