Live Updates

قومی کرکٹرز کیلئے غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی کارکردگی سے مشروط

یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ قومی کرکٹرز کی ترجیح پاکستان کی نمائندگی اور کارکردگی میں بہتری ہو: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 ستمبر 2025 14:12

قومی کرکٹرز کیلئے غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی کارکردگی سے مشروط
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2025ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی کا اجرا کارکردگی سے مشروط کردیا۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی لیگز اور بیرون ملک ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں کو جاری تمام این او سی تاحکم ثانی معطل کر دیے گئے ہیں۔

 
این او سی کی معطلی سے پاکستان کے ٹاپ کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان ، حارث رؤف ، شاداب خان اور فہیم اشرف براہِ راست متاثر ہوں گے، انہیں پی سی بی نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کیے تھے۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں این او سی صرف انہی کرکٹرز کو دیے جائیں گے جو بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کے معیار پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا بتانا ہے کہ جو کھلاڑی مطلوبہ معیار حاصل نہیں کرسکیں گے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں کوچز کے ساتھ اپنی صلاحیتوں پر کام کرنا ہوگا۔ 
پی سی بی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ قومی کرکٹرز کی ترجیح پاکستان کی نمائندگی اور کارکردگی میں بہتری ہو، غیر ملکی لیگز میں شرکت صرف ان کھلاڑیوں کو ملے جو میدان میں اپنی کارکردگی ثابت کریں گے۔ 
واضح رہے کہ پی سی بی کا یہ فیصلہ ایشیا کپ فائنل میں شکست کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات