آر پی او فیصل آبادکی یوم آزادی کی تقریبات پر حفاظتی انتظات کے حوالے سے ہدایات جاری

منگل 12 اگست 2025 15:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آبادنے سی پی او فیصل آباد،ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو حفاظتی انتظات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ یوم آزادی و معرکہ حق کے سلسلہ میں تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے جن میں عوامی ریلیاں، سیمینار ، کانفرنس، کھیلوں کے مقابلے اور سرکاری تقریبات شامل ہیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے تاکہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ ہو اور قومی تشخص کو اجاگر کیا جا سکے علاوہ ازیں مساجد اور کھلے مقامات پر دعائیہ تقاریب بھی منعقد ہوتی ہیں جن میں امن وامان اور ملک کی سا لمیت کے لئے دعائیں کی جاتی ہیں لہٰذا ان تقریبات کو مکمل سکیورٹی فراہم کیا جا ئے جبکہ کھلے مقامات پر ہونے والی تقریبات، ریلیوں کے لئے قبل ازوقت سکیورٹی پلان جاری کیاجائے نیزجہاں تقریبات منعقد ہو رہی ہوں وہاں پر مناسب ٹریفک انتظامات کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش نہ آئیں اوراس سلسلہ میں قبل از وقت ٹریفک پلان جاری کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ،آتش بازی،ہوائی فائرنگ اور رش والی جگہوں پر خواتین اور بچوں کو تنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اورمؤثرسکیورٹی امور کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جملہ ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز پولیس گشت کو مؤثر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہدایات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلعی سربراہان سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔