ادنوک لاجسٹکس کی تاریخی مالی کارکردگی، پہلی ششماہی میں آمدنی 8.95 ارب درہم تک پہنچ گئی

منگل 12 اگست 2025 16:03

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات کی ادنوک لاجسٹکس نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں آمدنی 8.95 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق ادنوک لاجسٹکس اینڈ سروسز پی ایل سی (ادنوک ایل اینڈ ایس) نے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی اور پہلی ششماہی کے تاریخی مالی نتائج جاری کرتے ہوئے منڈی کی توقعات کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کمپنی نے مشکل عالمی حالات اور اتار چڑھاؤ والے شپنگ مارکیٹ کے باوجود مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔کمپنی کی دوسری سہ ماہی کی آمدنی 40 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 25 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ ای بی آئی ٹی ڈی اے 31 فیصد اضافے کے ساتھ 40 کروڑ ڈالر رہی، خالص منافع 14 فیصد بڑھ کر 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پہلی ششماہی 2025 میں مجموعی آمدنی 2 ارب 43 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔

ای بی آئی ٹی ڈی اے (EBITDA)26 فیصد بڑھ کر 74 کروڑ 40 لاکھ ڈالر (2.73 ارب درہم) ہوگئی، جبکہ منافع کا تناسب 30 فیصد برقرار رہا۔ اس مدت کا خالص منافع 5 فیصد اضافے کے ساتھ 42 کروڑ ڈالر (1.54 ارب درہم) ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ششماہی کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے۔کمپنی نے اپنی متنوع اور مضبوط کاروباری حکمت عملی کے باعث گیس، ٹینکر اور ڈرائی بلک کے چارٹر ریٹ کے چیلنجز کے باوجود مستحکم منافع اور آپریٹنگ کیش فلو برقرار رکھا۔

بہتر آپریشنل کارکردگی اور منافع کے باعث کمپنی نے سال بھر کی ترقی کی پیش گوئی میں بھی اضافہ کیا ہے۔سی ای او کیپٹن عبد الکریم المہاسبی نے کہا کہ ہم اپنی تاریخ کے بہترین سہ ماہی نتائج پر فخر کرتے ہیں، جو ہماری ترقی کی حکمت عملی کی کامیابی اور مختلف شعبوں میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق انٹیگریٹڈ لاجسٹکس شعبے کی آمدنی 22 فیصد بڑھ کر ایک ارب 29 کروڑ 30 لاکھ ڈالر (4.74 ارب درہم) رہی جس سے ای بی آئی ٹی ڈی اے میں 27 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ نمو جیک اپ بارجز کے بلند استعمال، انٹیگریٹڈ لاجسٹکس سلوشن پلیٹ فارم کی بہتر منافعیت اور چارٹرنگ سرگرمی میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ اہم انجینئرنگ و تعمیراتی منصوبے جیسے جی آئی لینڈ اور حیل و غاشہ، بھی آمدنی میں اضافے کا باعث بنے۔شپنگ شعبے کی آمدنی 89 فیصد بڑھ کر 98 کروڑ 10 لاکھ ڈالر (3.60 ارب درہم) تک پہنچ گئی، جس کی بڑی وجہ نیویگیٹ ٹینکر فلیٹ کے انضمام سے حاصل ہونے والی آمدنی ہے۔

کمزور مارکیٹ حالات کے باوجود اس شعبے کا ای بی آئی ٹی ڈی اے 25 فیصد بڑھ کر 29 کروڑ ڈالر (1.06 ارب درہم) رہا۔سروسز شعبے کی آمدنی 4 فیصد اضافے سے 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (607 ملین درہم) رہی، جبکہ ای بی آئی ٹی ڈی اے(EBITDA) 22 فیصد بڑھ کر 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر (121 ملین درہم) تک پہنچ گیا، جو بوروج کنٹینر ٹرمینل پر بڑھتے حجم اور نیویگیٹ کے بنکرنگ بزنس سے حاصل منافع کے باعث ممکن ہوا ہے۔