روس کے غیر ملکی تجارتی توازن میں 18.4 فیصد کمی

منگل 12 اگست 2025 16:53

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) روس کے غیر ملکی تجارتی توازن میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران 18.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاس کی رپورٹ کےمطابق روس کا مثبت غیر ملکی تجارتی توازن جنوری تا جون 2025 کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18.39 فیصد کم ہو کر 63.9 ارب ڈالر رہ گیا۔ وفاقی کسٹمز سروس کے اعداد و شمار کے مطابق برآمدات 13.3 ارب ڈالر کی کمی کے بعد 195.5 ارب ڈالر رہیں جبکہ درآمدات 1.1 ارب ڈالر اضافہ سے 131.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، اس عرصے میں مجموعی تجارتی حجم 3.6 فیصد کم ہو کر 327.1 ارب ڈالر رہا۔

یورپی ممالک کو برآمدات 12.3 فیصد کمی سے 29.2 ارب ڈالر اور درآمدات 2.4 فیصد کمی سے 34.1 ارب ڈالر رہیں۔ ایشیائی ممالک کو برآمدات 4.6 فیصد کمی کے ساتھ 149.1 ارب ڈالر رہیں جبکہ ایشیا سے درآمدات 1 فیصد اضافہ سے 87.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

افریقی ممالک کے ساتھ تجارت میں برآمدات 14 فیصد کمی سے 106 ارب ڈالر اور درآمدات 38.7 فیصد اضافے سے 2.4 ارب ڈالر ہو گئیں۔

شمالی و جنوبی امریکا کو برآمدات 2.1 فیصد کمی سے 1.9 ارب ڈالر رہیں جبکہ وہاں سے درآمدات 9.9 فیصد بڑھ کر 7.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔برآمدات میں سب سے بڑا حصہ معدنی مصنوعات کا رہا جو 110.1 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں، دھاتیں اور دھاتی مصنوعات 15.1 فیصد اضافے سے 31.9 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے جبکہ زرعی مصنوعات 14.6 فیصد کمی کے ساتھ 17.8 ارب ڈالر پر تیسرے نمبر پر رہیں۔درآمدات میں مشینری، آلات اور موٹر گاڑیاں سب سے آگے رہیں ۔ کیمیکلز کی درآمدات 6.7 فیصد اضافے سے 26.7 ارب ڈالر اور زرعی مصنوعات کی درآمدات 14.6 فیصد بڑھ کر 20.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔