وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ضلعی انتطامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات جاری

منگل 12 اگست 2025 19:07

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ضلعی انتطامیہ ننکانہ صاحب ..
ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتطامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔معرکہ حق کی شاندار فتح نے جشن آزادی کی خوشی کا مزہ دوبالا کر دیا۔ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے شہر کے 10 مقامات پر فلیگ انکلیوز بنا دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے ننکانہ میں 10 مختلف مقامات پر فلیگ انکلیوز کا افتتاح کر دیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق پکسل ٹاور، دھولر چوک، مانوالہ پھاٹک، علامہ اقبال پارک سمیت دیگر مقامات پر فلیگ انکلیوز بنائے گئے ہیں۔فلیگ انکلیوز کی افتتاحی تقریب کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو اور ضلعی افسران سمیت شہریوں نے جشن آزادی شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ انکلیوز سے شہر حب الوطنی کے رنگ میں رنگ گیا ، معرکہ حق میں تاریخی فتح پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، معرکہ حق کی تاریخی فتح سے اس سال جشن آزادی پہلے کی نسبت مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو عبرت ناک شکست دی اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ، قومی استحکام اورملکی ترقی کے لئے ہم سب کو بڑھ چڑھ کرکر دار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی منانا زندہ قوموں کی میراث ہے۔معرکہ حق میں تاریخی فتح نے جشن آزادی کی اہمیت بڑھا دی ہے ، معرکہ حق میں کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈی سی نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات میں جوش و خروش دیدنی ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے میجک اور پپٹ شو کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ علامہ اقبال پارک میں شام 7 بجے تشریف لائیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 13 اگست کی شام علامہ اقبال پارک میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔13 اگست کی شام ملک کے نامور فنکار ننکانہ صاحب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 13 اگست کی رات 12 بجے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔