میپکو نے مالی سال 2024-25ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں نمایاں کمی کر کے کمپنی کو 10 ارب روپے کا اضافی فائدہ پہنچایا ، ترجمان

منگل 12 اگست 2025 22:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے مالی سال 2024-25ء کے دوران لائن لاسز کی شرح میں نمایاں کمی کرتے ہوئے کمپنی کو 10 ارب روپے کا اضافی فائدہ پہنچایا ہے۔میپکو ترجمان کے مطابق پروگریسو لائن لاسز میں 35 کروڑ 81 لاکھ یونٹس کی بچت ہوئی، جس کے نتیجے میں کمپنی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے بتایا کہ مالی سال 2023-24ء میں کمپنی کے ٹی اینڈ ڈی لائن لاسز 15.2 فیصد تھے، جو رواں مالی سال میں 1.8 فیصد کم ہو کر 13.3 فیصد رہ گئے، یہ کامیابی ہائی لاس فیڈرز پر بجلی چوروں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز، ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب، فیڈرز کی ایریا پلاننگ، بائفرکیشن اور ری کنڈکٹرنگ جیسے اقدامات کے باعث ممکن ہوئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جولائی 2024ء سے جون 2025ء کے دوران جنوبی پنجاب میں 7 لاکھ 38 ہزار بجلی چور پکڑے گئے، جن پر 10 ارب 16 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 7 ارب 69 کروڑ روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے،اس دوران 25 ہزار 131 مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا۔میپکو نے گزشتہ مالی سال میں بلنگ کی مد میں 6 کھرب 30 ارب روپے وصول کئے، جن میں پرائیویٹ صارفین سے 5 کھرب 90 ارب روپے (ریکوری شرح 100.6 فیصد) اور سرکاری اداروں سے 40 ارب 46 کروڑ روپے (ریکوری شرح 99.16 فیصد) شامل ہیں۔

گھریلو، کمرشل، صنعتی، زرعی اور دیگر تمام صارفین کی کیٹیگریز میں ریکوری شرح 100 فیصد سے زائد رہی۔گزشتہ مالی سال کے دوران میپکو نے 4 لاکھ 55 ہزار 303 نئے کنکشن نصب کئے،جن میں 4 لاکھ 40 ہزار 542 گھریلو،13 ہزار 993 کمرشل، 353 صنعتی، 167 زرعی ٹیوب ویل، 221 جنرل سروس اور 28 دیگر کیٹیگریز شامل ہیں، جس کے بعد صارفین کی کل تعداد 88 لاکھ 16 ہزار399 ہوگئی۔صارفین کی درست ریڈنگ اور بلنگ کو یقینی بنانے کیلئے 5 لاکھ 98 ہزار 225 خراب اور جلنے والے میٹرز تبدیل کئے گئے، جن میں 5 لاکھ سے زائد سنگل فیز اور 94 ہزار 544 تھری فیز میٹرز شامل ہیں۔یہ کارکردگی میپکو کی لائن لاسز کم کرنے اور ریکوری بہتر بنانے کی کامیاب حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔