کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت ایبٹ آباد میں پولیو کے مثبت سیمپل کے حوالے سے جائزہ اجلاس

منگل 12 اگست 2025 22:29

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت پولیو وائرس کے ایبٹ آباد میں سامنے آنے والے مثبت سیمپل کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیوایچ او نے اجلاس کے شرکاء کو تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کر کے ٹرانزٹ پوائنٹس پر عملے کی تعیناتی کا مؤثر اور واضح طریقہ کار وضع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر داخلی سطح پر اور روٹیشن کی بنیاد پر ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ دوسرے صوبوں اور اضلاع سے آنے والے مسافروں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین بروقت فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ہوٹل ایسوسی ایشنز کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور انہیں پابند کریں کہ وہ اپنے ہوٹلز میں آنے والے سیاحوں کے ساتھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کا ریکارڈ مرتب کریں تاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران ان بچوں کی ویکسی نیشن کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ تین پولیو مہمات کے لیے ایک ہی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے جبکہ حساس علاقوں میں محکمہ صحت کے تجربہ کار عملے کو تعینات کیا جائے تاکہ مہمات مؤثر اور مربوط انداز میں مکمل ہو سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر کمشنر ہزارہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے کام کرتے رہیں۔