حکومت سندھ ٹریفک حادثات میں اضافہ کا فوری نوٹس لے،حاجی حنیف طیب

منگل 12 اگست 2025 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ہیوی گاڑیوں سے حادثات اورعوام کے جاں بحق ہونے کی شرح میں اضافہ پر تشویش کا اظہارکیا انہوںنے گذشتہ دنوں فیڈرل بی ایریامیں تیز رفتارڈمپر سے موٹرسائیکل سواربہن بھائی کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہارکیا اوراہل خانہ سے تعزیت کی اس واقعہ کے چند گھنٹے بعد ہی ایک حادثہ نارتھ کراچی اوردوسراشارع فیصل کے قریب پیش آیا جس 2نوجوا ن جاں بحق ہوئے اُس پر بھی افسوس کااظہارکیاحاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ریسکیو حکام کے اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ سات ماہ میں 546افرادٹریفک حادثات میں جان بحق جبکہ 8ہزار136زخمی ہوئے ہیںیقینا یہ لمحہ فکریہ ہے ٹریفک حادثات کی وجہ ہیوی ٹریفک،ٹرک،ڈمپر کا مقررہ وقت سے پہلے سڑکوں پرنکلنا ٹریفک قوانین پرعمل درآمدنہ کرناجیسے تیز رفتاری،ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال،ٹریفک کے سیگنل کی خلاف ورزی،شاٹ کٹ کے چکر میں غلط سائیڈسے آنا،اًورٹیکنگ کرتے ہوئے گاڑیوں کا ریس لگانا،گاڑیوں کی فٹنس ناہوناشامل ہیں تووہی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی غفلت ولاپرواہی کوبھی اس صورت حال میں نظر اندازنہیں کیاجاسکتا۔

(جاری ہے)

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاحیرت کی بات تویہ ہے کہ اکثر ڈمپر چلانے والوں کا ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہوتا بعض کے پاس لرننگ لائسنس ہوتاہے جس پر ڈمپر نہیں چلایاجاسکتا یہ بات بھی قابل گرفت ہے۔ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے حکومت سندھ ،وزیر ٹرانسپورٹ اورانتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے باعث حادثات کی تعدادمیں اضافہ کا فوری نوٹس لیں متعلقہ افسران سے حادثات کی تفصیلات طلب کرکے ذمہ دران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے انہوں نے ٹریفک حادثات کی بدترین صورت حال پرقابوپانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا اورکہاکہ ٹریفک قوانین پرسختی سے عمل درآمد کروایاجائے جدیدٹیکنالوجی سے آراستہ ٹریفک قوانین کا نظام رائج کیاجائے۔

انکا مزید کہنا تھا ماضی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں جسٹس اجمل میاں کی رپورٹ موجودہے جس میں ٹریفک حادثات سے کیسے بچا جائے وہ رپورٹ نکالی جائے اس کاپی کابینہ کے ہرممبران ،ٹریفک پولیس کے ذمہ داران اورتمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کودی جائے۔