14 اگست پر 14 گھنٹے کیلئے گیس بندش کا اعلان

سوئی سدرن کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر گیس کا شیڈول جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 12 اگست 2025 19:30

14 اگست پر 14 گھنٹے کیلئے گیس بندش کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست2025ء) 14 اگست پر 14 گھنٹے کیلئے گیس بندش کا اعلان، سوئی سدرن کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر گیس کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس نے 14 اگست کو کراچی کے کچھ علاقوں میں 14 گھنٹے کیلئے گیس بندش کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان سوئی سدرن کے مطابق واٹر بورڈ کی درخواست پر ہارون آباد سائٹ ایریا میں گیس پائپ لائن منتقل ہو گی جس کی وجہ سے گیس کی بندش صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہےگی۔

ترجمان نے بتایا کہ شیرشاہ، سائٹ، جہان آباد، میانوالی کالونی، لاشاری محلہ، میٹروویل، باوانی چالی، پٹھان کالونی، پراناگولیمار، ریکسرکالونی، حسن اولیا، مسلم آباد کے علاقوں میں گیس بند رہےگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سائٹ انڈسٹریل ایریا، ہارون آباد، گلبائی، ماڑی پور، ٹکری ولیج، مسلم کالونی میں بھی گیس بند رہےگی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایت پر صنعتی صارفین کو ریٹروسپیکٹو گیس بلز کے اجراء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فی الفور واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر رانا محمد نثار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ فیصلے کے تحت ایس این جی پی ایل نے صنعتی صارفین کو گزشتہ چار سالوں کے بل ریٹروسپیکٹو ایل این جی ریٹ میں فرق کی بنیاد پر جاری کیے ہیں جو لاکھوں سے کروڑوں روپے تک ہیں ۔صنعتی شعبہ پہلے ہی بجلی کی زیادہ قیمتوں، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ، خام مال کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سمیت دیگر مسائل کا سامنا کررہا ہے۔

ایسے میں اچانک اور بھاری ریٹروسپیکٹو بلنگ ان صنعتوں پر اضافی بوجھ ڈالے گا جو بین الاقوامی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ اوگرا کے قیام کا مقصد شفافیت اور ریگولیشنز تھا لیکن یہ اپنے مقاصد پورے کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے جن کے وسیع اثرات ہوں، انہیں تمام اسٹیک ہولڈرز، بالخصوص بزنس کمیونٹی، کی مشاورت سے کیا جانا چاہیے۔

صدر لاہور چیمبر نے واضح کیا کہ بیک ڈیٹ بلنگ صنعتی یونٹس کی مالیاتی پوزیشن کو متاثر کرے گی، جس کے نتیجے میں پیداواری صلاحیت اور سرمایہ کاری میں کمی کی صورت میں برآمد ہوسکتا ہے۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے اس مسئلے کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری مشاورت سے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اوگرا میں نجی شعبہ کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔