عمان: یمن میں جنگ بندی کے لیے یو این مذاکراتی عمل مکمل

یو این منگل 12 اگست 2025 20:45

عمان: یمن میں جنگ بندی کے لیے یو این مذاکراتی عمل مکمل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 12 اگست 2025ء) یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے دفتر نے ملک میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے عمان میں تکنیکی اجلاس مکمل کر لیے ہیں جن میں ملک کو درپیش سلامتی کے مسائل حل کرنے کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔

خصوصی نمائندے کے دفتر نے بتایا ہے کہ ان اجلاسوں میں یمن کی حکومت کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کی سہولت سے کام کرنے والی عسکری رابطہ کمیٹی کی مشترکہ کمان نے شرکت کی۔

ان مواقع پر جامع سیاسی عمل کی بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

Tweet URL

یہ اجلاس خصوصی نمائندے کے دفتر کی جانب سے یمن اور خطے میں سلامتی سے متعلق اہم کرداروں کے ساتھ متواتر رابطوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بات چیت کے دوران دسمبر 2024 اور جنوری 2025 میں منعقدہ اجلاسوں کی پیش رفت کو آگے بڑھایا گیا۔

جامع جنگ بندی کی کوشش

خصوصی نمائندے کے عسکری مشیر انتھونی ہیوارڈ نے کہا ہے کہ عسکری رابطہ کمیٹی کا فریقین کے مابین اعتماد قائم کرنے اور کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ہے۔ علاوہ ازیں، پائیدار جنگ بندی کے لیے حالات سازگار بنانے میں بھی اس کمیٹی کا کام خاص اہمیت رکھتا ہے۔

بات چیت میں سلامتی سے متعلق ترجیحی معاملات بشمول کشیدگی کو کم کرنے کے طریقہ کار، کشیدہ واقعات سے نمٹنے اور سلامتی کی ضمانتوں کے حوالے سے ممکنہ انتخاب بطور خاص زیربحث آئے۔

اجلاسوں کے شرکا نے وسیع تر سیاسی معاہدے کے تحت زمین، فضا اور سمندر میں جامع جنگ بندی پر عملدرآمد کے طریقوں پر بھی بات چیت کی اور اہم تنصیبات بشمول توانائی کے مراکز کو تحفظ دینے کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

خصوصی نمائندے کے دفتر نے کہا ہے کہ وہ عسکری رابطہ کمیٹی کے ذریعے بات چیت اور تعاون کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتا رہے گا جس کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور تنازع کا پرامن حل نکالنا ہے۔