لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں دیہی ترقی کے لیے کوششیں کررہی ہے،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ

منگل 12 اگست 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) بلوچستان حکومت محکمہ لوکل گورنمنٹ نے گوادر لسبیلہ لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ کے تعاون سے ضلع گوادر اور لسبیلہ کے چالیس یونین کونسل کے لیے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے ہیں۔ ان منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرئوف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں دیہی ترقی کے لیے کوششیں کررہی ہے اور اس کے لیے باقاعدہ جامع منصوبے تشکیل دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ نے ایفاد کے مالی تعاون سے گوادر لسیبلہ لائیولی ہوڈ سپورٹ پراجیکٹ کے ذریعے دیہی ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں جو کہ اس بات کی غماض ہے کہ حکومت شراکت داری کے ذریعے مقامی آبادی کی ضروریات کے مطابق پائیدار منصوبوں کے ذریعے بلوچستان کے تمام اضلاع میں نافذکیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرئوف بلوچ نے کہا کہ پالیسی سازی حکومتی وسائل کے بہتر استعمال کے لیے اہمیت کے حامل ہیں، اگر مقامی سطح پر ہر اسٹیک ہولڈر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے تو بلوچستان کی دیہی آ بادیوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

سیکریٹری سپورٹس اور یوتھ افیئرز دْرا دشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کے لیول پر پالیسی سازی کسی بھی شعبے کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اور غیر سرکاری ادارے مقامی اور صوبائی سطح پر پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں، اگر ان پراجیکٹس کے درمیان کوارڈینیشن کے ذریعے منصوبہ بندی کی جائے تو مقامی آبادیوں اور خاص کر نوجوانوں کی فلاح کے لیے کئی راستے ہموارہوسکتے ہیں۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گل محمد بلوچ نے شرکاہ کو یونین کونسل ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سرکاری سطح پر مقامی آبادیوں کے لیے دیہی ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں کہ جس سے بلوچستان کے اضلاع میں دیہی ترقی کے لیے مواقع پیدا ہوجائیں گے اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ سازی کو ممکن بنایاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :