انسداد دہشتگردی عدالت نے تاوان کیلئے تاجر کو اغواکرنے والے پولیس اہلکاروں کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا

منگل 12 اگست 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تاوان کیلئے تاجر کو اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار تین پولیس اہلکاروں کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

منگل کو سماعت پر گرفتار تین پولیس اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج مقدمہ کے تحت گرفتار ملزمان کانسٹیبل عاطف، توقیر اور محمد علی پر الزام ہے کہ انہوں نے تاجر شاہد کو اغوا کر کے 7 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا اور آئندہ سماعت پر ملزمان کو پیش کرنے کے ساتھ تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔