چین سے مزید 100 الیکٹرک بسیں بحری جہاز پر پاکستان روانہ کردی گئیں

ایئرکنڈیشنڈ اور وائی فائی بسوں کا ڈسٹرکٹ میں 20 روپے کرایہ ہوگا، میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں ای بسیں چلائی جارہی ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 اگست 2025 20:04

چین سے مزید 100 الیکٹرک بسیں بحری جہاز پر پاکستان روانہ کردی گئیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکس پر پنجاب کے عوام کے لئے مسرت آمیز پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے اضلاع میں 20 روپے میں الیکٹرک بس پر شاندار اور آرام دہ سفر ہوگا۔ ایئرکنڈیشنڈ، وائی فائی اور دیگر سہولتوں سے لیس بسیں تیار کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ چین کے شہر یانٹائی کی بندرگاہ پر 100 الیکٹرک بسوں کا فلیٹ بحری جہاز پرلوڈنگ جاری ہے آج رات پاکستان روانہ ہوگا۔

طویل عرصے سے پبلک ٹرانسپورٹ نظام سے محروم اضلاع میں بسیں ترجیحی بنیادوں پر چلائی جارہی ہیں - انہوں نے کہا کہ میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان میں ای بسیں چلائی جارہی ہیں۔ الیکٹرک بس کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسوں میں ایئر کنڈیشنڈ، وائی فائی اور دیگر سہولیتیں بھی ہوں گی اور مکمل طور پر خودکار ٹکٹنگ سسٹم ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اضلاح میں چلائی  جانے والی الیکٹرک بسوں پر سپیشل پرسن بھی آسانی سے سفر کر سکیں گے۔ پنجاب کے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور پْر سکون سفر فراہم کریں گی۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرام”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تجرباتی سفرکرکے باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی ٹرام میں علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کا معائنہ کیا اور موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کے ٹیسٹ کے ڈرائیو کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ چیک کی۔ رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایس آر ٹی ٹرام میں سفر کرتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایس آر ٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ “ ترکی، چین،ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چلائی جارہی ہے۔ ” سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں جبکہ چار کی گنجائش ہے۔ نورنکو انٹر نیشنل کی جدید ترین ایس آر ٹی میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پہلی مکمل ای ٹرین ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے۔ ” سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں ائیر کنڈیشننگ اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔