پی ٹی اے کا ہواوے کے تعاون سے سائبر ریزیلینس ورکشاپ ،ٹیلی کام سائبر سکیورٹی ایوارڈز کاانعقاد، ڈیجیٹل سکیورٹی باے چیلنجز پر تبادلہ خیال

منگل 12 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)پی ٹی اے نے ہواوے کے تعاون سے نیکسٹ جنریشن سائبر ریزیلینس ورکشاپ اور ٹیلی کام سائبر سکیورٹی ایوارڈز برائے سال 2025 کا انعقاد کیا، جس میں سینئر سرکاری عہدیداران، شعبے سے وابستہ ماہرین اور سائبر سکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلقہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ورکشاپ میں پاکستان میں متوقع 5G کے اجرا، لو ارتھ آربیٹ (LEO) سیٹلائٹ انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال اور فِن ٹیک کے پھیلا کے سائبر سکیورٹی اثرات پر بات چیت کی گئی۔ پی ٹی اے نے مقامی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر استعداد کار میں اضافہ، معلومات کے تبادلے اور جدید محفوظ حل کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام، شزہ فاطمہ خواجہ نے پی ٹی اے کی کارکرگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائبر ریزیلینٹ پاکستان کی تشکیل صرف ٹیکنالوجیکل ترجیح نہیں بلکہ قومی ضرورت ہے۔

حکومت جدید حل اور مضبوط حفاظتی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے تاکہ ہمارے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو محفوظ بنایا جا سکے۔چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے کہا،سائبر ریزیلینس ہمارے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد ہے۔ پی ٹی اے ایک محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کے لیے تعاون اور جدت کے فروغ کا سفر جاری رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر سائبر سکیورٹی میں جدت، پائیداری اور قیادت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز دیے گئے۔