فرانس اور برطانیہ سمیت27 ممالک کا اسرائیل سے غزہ میں امداد پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ

بدھ 13 اگست 2025 10:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) فرانس اور برطانیہ سمیت 27 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے تمام امدادی قافلوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے اور امداد کی ترسیل کے مقامات پرہر قسم کی طاقت کا استعمال بند کرے۔العربیہ اردوکے مطابق انہوں نے زور دیا کہ شہریوں اور طبی و انسانی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ غزہ میں بڑھتی ہوئی بھوک کا بحران کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ مطالبہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اسرائیل پر دباؤ ہے کہ وہ اقوام متحدہ سمیت تمام امدادی اداروں کو غزہ میں جنگ کے متاثریں تک آسان رسائی فراہم کرے ۔دوسری جانب اسرائیلی حکومت اور فوج کے درمیان اس وقت غیر معمولی اختلافات پائے جاتے ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پر مکمل قبضے اور اسے تباہ کرنے کی حکمت عملی پیش کی ہے جس کی حکومت کے سخت گیر حلقوں کی طرف سے پرزور حمایت کی گئی ہے۔ تاہم فوج کے سینئر افسران نے اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بغیر بعد از جنگ حکمت عملی کے وسیع کارروائی لبنان 1982جیسے مشکل اور خطرناک جنگی اور سیاسی بحران میں بدل سکتی ہے ۔