Live Updates

گلگت بلتستان میں متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے جاری

بدھ 13 اگست 2025 13:17

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) گلگت بلتستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گلمت گوجال کے مقام پر شاہراہ ریشم کی بحالی کے کام میں تیزی لائی گئی ہے جبکہ دونوں اطراف مسافر گاڑیاں سڑک کھلنے کی منتظر ہیں۔پھنسے ہوئے افراد کو عارضی لکڑی کے پل کے متبادل راستے سے پار کرایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بحالی کے کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع شگر، غذر، ہنزہ، گوجال گلمت، دینور، استور، دیامر سمیت مختلف علاقوں میں ایریگیشن چینلز، صاف پانی اور بجلی کی فراہمی، اور رابطہ سڑکوں کی مرمت کا عمل جاری ہے۔ترجمان کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب نے خطے کا نقشہ بدل کر رکھ دیا ہے جبکہ دریائی کٹاؤ، پانی کے تیز بہاؤ اور مٹی کے تودے بحالی کے عمل میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 14 سے 21 اگست تک خطے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات