لاہور سمیت صوبہ بھر کی پولیس عمارات کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا

بدھ 13 اگست 2025 13:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) جشن آزادی کی مناسبت سے لاہور سمیت صوبہ بھر کی پولیس لائنز، دفاتر، تھانوں و دیگر عمارات کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق پولیس عمارات پر چراغاں کا مقصد تحریک آزادی کے رہنمائوں، قربانیاں دینے والے اسلاف کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، یوم آزادی کے حوالے سے پنجاب پولیس کی عمارات کو دیدہ زیب لائٹنگ کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، پنجاب پولیس جشن آزادی کی تقریبات میں پوری قوم کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرنے والی افواج پاکستان کی بہادری، شجاعت، لازوال قربانیوں، صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حصول آزادی سے تحفظ آزادی کے سفر میں پنجاب پولیس نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، یوم آزادی پر پولیس لائنز اور دفاتر میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پولیس عمارات پر پرچم کشائی ہو گی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے قومی پرچم کو سلامی پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہری جشن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے قومی وقار اور تہذیب کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں، پنجاب پولیس یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔