پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے‘ رانا جمیل منج

پیپلز پارٹی ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و جمہوری اصولوں کی پیروی کرے گی

بدھ 13 اگست 2025 13:49

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے آبا ئواجداد کی فربانیوں کی وجہ سے آ ج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں،تمام شہدا اور غازی ملک و قوم کا فخر ہیں،آج عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تمام ترذمہ داریاں پوری کریں گے اور محنت سے ملک میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئیں گے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و جمہوری اصولوں کی پیروی کرے گی۔انسانی وقار کا احترام اور انسانی ذات کی ترقی کی ضمانت جمہوریت کے علاوہ اور کوئی نظام نہیں دیتا، ہماری قوم کے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت و افادیت سے بخوبی واقف ہیں، پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، جسے یہ عزم تحریکِ آزادی سے وراثت میں ملا ہے۔

(جاری ہے)

رانا جمیل منج نے کہا کہ پاکستان کی تحریکِ آزادی ایک پر امن سیاسی جدوجہد تھی، قائداعظم کی زیر قیادت ہمارے آبا اجداد نے آنے والی نسلوں کی خاطر سامراج کی زنجیریں توڑیں تھیں تاکہ آئندہ نسلوں کو جبر، مذہبی امتیاز اور ہر طرح کی زیادتیوں سے محفوظ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے اور ان کی پامالی کے خاتمے میں ہے، جب تک قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوں گے، ملک اندرونی و بیرونی بحرانوں کا شکار رہے گا۔سب کو مل کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔