برکینا فاسو کی پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور تجارت میں اضافے کیلئے کوششیں قابل قدر ہیں، عاطف اکرام شیخ

بدھ 13 اگست 2025 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) برکینا فاسو کے وزیر توانائی نے بدھ کو وفد کے ہمراہ ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹیریٹ کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برکینا فاسو کے درمیان توانائی ،معدنیات کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر توانائی کا دورہ پاکستان اور برکینا فاسو کے درمیان تعاون کو بڑھانے کیلئے اہم موقع ہے،پاکستان اور برکینا فاسو توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے کر باہمی تعاون بڑھا سکتے ہیں،برکینا فاسو اور پاکستان کے پاس قدرتی معدنیات کا وسیع ترین خزانہ موجود ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور برکینا فاسو زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،وزیر توانائی برکینا فاسو کا یہ دورہ پرائیویٹ سیکٹر کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برکینا فاسو پاکستان کیلئے افریقہ کی وسیع ترین مارکیٹ تک رسائی کا موثر ترین ذریعہ بن سکتا ہے۔

اس موقع پر برکینا فاسو کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کئی مشترکہ اقدار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کاوشوں میں پاکستان میں برکینا فاسو کے سفیر کی تعیناتی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برکینا فاسو میں زراعت اور معدنیات کا وسیع ترین ذخائر موجود ہیں۔ پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلے کاٹن کی فراہمی کیلے برکینا فاسو اہم ترین مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔