خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی پشاور، مردان اور سوات میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں

بدھ 13 اگست 2025 17:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، مردان اور سوات میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت اور جعلی مشروبات کی بھاری مقدار برآمد کر کے موقع پر تلف کیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کاروائیوں کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے جی ٹی روڈ چمکنی پشاور پر خوردنوش کی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے نمونے چیک کیے گئے جس کے دوران ایک گاڑی سے 2000 لیٹرز سے زائد جعلی اوربغیرلیبل کے مشروبات برآمد کر کے ضبط کی گئیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سوات فوڈ سیفٹی نے شانگلہ کے داخلی راستے پر ناکہ بندی کی جس کے دوران ایک گاڑی سے 700 لیٹرز سے زائد مضر صحت کیمیکل فارملین ملا دودھ برآمد کر کے تلف کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک اور کارروائی میں 60 کلو باسی اور ناقص مچھلی بھی موقع پر تلف کر دی گئی۔اسی طرح مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھی ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ شمسی روڈ پر جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی جانچ کے بعد ایک دودھ فروش سے 240 لیٹرز مضر صحت امونیا اور پاؤڈرملک ملا دودھ ثابت ہونے پرتلف کر دیا گیا جبکہ دکان کو سیل کر دیا تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ تمام کاروائیوں میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مالکان پربھاری جرمانے عائد کیے گئے اورفوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا۔

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کامیاب کارروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا اور شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔