بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پاکستانی آموں کے فیسٹیول کا انعقاد

بدھ 13 اگست 2025 20:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ نے چائنہ-افریقہ اکنامک اینڈ ٹریڈ پروموشن کونسل کے ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کی مس ہائو یوجیائو کے تعاون سے "گولڈن سلک روڈ مینگو: ایک حقیقی اوریئنٹل خزانہ" کے عنوان سے ایک مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا۔پاکستانی سفارتخانہ سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس تقریب میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے آم اور آم سے بنی مصنوعات کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا جس میں پاکستان کی زرخیز زمین، زرعی ورثے اور عالمی شہرت یافتہ پھلوں کی برآمدات کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے آم کو "پھلوں کا بادشاہ" قرار دیتے ہوئے اسے پاکستانی ثقافت اور روایات کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آم نہ صرف اپنی لذت اور خوشبو کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے بلکہ یہ مہمان نوازی اور دوستی کی علامت بھی ہے۔ سفیر نے کہا کہ چینی دوستوں کے ساتھ پاکستانی آم بانٹنا دراصل چینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی محبت اور خوشگوار جذبات کا اظہار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس طرح کے تقاریب دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی مفاہمت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم منڈوی والا، چائنہ انٹرنیشنل کلچرل ایکسچینج سینٹر کے چیئرمین لونگ یوژینگ، ڈونگ ای ایجیائو کے نائب صدر لیو گوانگ یوآن اور چائنہ فروٹ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے نائب صدر ژانگ چنگ فنگ بھی موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے ایمبیسی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ثقافتی اور زرعی مصنوعات کو چین میں متعارف کروانے کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں سفارتکاروں، کاروباری شخصیات، علمی و ادبی حلقوں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔