آ ئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا ضلع مہمند کا دورہ

بدھ 13 اگست 2025 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع مہمند کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہیڈکوارٹرز غلنئی پولیس لائنز میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ڈپٹی کمشنر مہمند یاسر حسن ،ڈی آئی جی مردان جواد قمر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اکرام اللہ، ایس پی انویسٹیگیشن ثناء اللہ خان اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

آئی جی نے پنڈیالی تھانہ، ٹریفک چوکی اور کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور جاری سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او کے مطابق مہمند پولیس نے 98 شہداء اور متعدد غازیوں کی قربانیاں دی ہیں اور گذشتہ 9 مہینوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔آئی جی نے بتایا کہ 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت 100 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز اور 1600 کنال پر محیط پوست کی فصل تلف کی گئی ہے۔پولیس دربار سے خطاب میں آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر دی گئی ہیں اور ایک ارب روپے ویلفئر پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ضلع میں نئی پولیس لائنز اور 4 سے 5 تھانے تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ معیاری تعلیمی و طبی سہولیات کے لیے معاہدے کیے جائیں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیس باہر سے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھے، امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے، اور مقامی نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور محنت کو ترک نہ کیا جائے کیونکہ امن و امان ترقی کی بنیاد ہے۔عمائدینِ علاقہ نے بھی پولیس کے ساتھ مل کر امن و خوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر آئی جی نے شہداء اور غازیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔