اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے پروقار تقریب

بدھ 13 اگست 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں 14اگست یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ثمن رائے نے کی جنہوں نے اس موقع پر کیک کاٹا اور وطن سے محبت کا عزم دہرایا۔تقریب میں ڈی جی او پی سی پنجاب احمر نائیک، ڈائریکٹر ایڈمن عامر احمد خان سمیت دیگر افسران و عملے نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ثمن رائے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہمارے قومی تشخص، قربانیوں اور جدوجہد کی علامت ہے۔ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنے اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے وقار کو بلند کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔تقریب کا مقصد عملے میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنا اور اوورسیز پاکستانیوں سے جڑے عزم و وفا کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔