مون سون شجرکاری مہم ، محکمہ جنگلات کا جشن آزادی پر عوام کے لیے خصوصی آفر کا اعلان

مہم میں شامل رضاکار پودا لگائیں، اسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کریں ،جیتیں اسپیشل سرپرائز گفٹ

جمعرات 14 اگست 2025 00:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے تحت محکمہ جنگلات نے مون سون شجرکاری مہم میں جشن آزادی کے موقع پر عوام کے لیے خصوصی آفر کا اعلان کر دیا۔محکمہ جنگلات کے ترجمان کے مطابق، مہم میں شامل رضاکار پودا لگائیں، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کریں اور جیتیں اسپیشل سرپرائز گفٹ۔

(جاری ہے)

بہترین ویڈیوز شیئر کرنے والے منتخب افراد کو محکمہ جنگلات کی جانب سے فری ٹور کا خصوصی موقع بھی فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد عوام کو قدرتی حسن اور جنگلات کے تحفظ کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔اس خصوصی آفر میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ یہ آفر صرف شجرکاری مہم میں شامل رضاکاروں کے لیے مخصوص ہے۔ ترجمان کے مطابق، مون سون کے موسم میں لگایا گیا ہر پودا آنے والی نسلوں کا قیمتی سرمایہ ہے، اور اس اقدام کا مقصد عوام کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ عوامی شمولیت کے بغیر سبز پنجاب کا خواب ممکن نہیں، اور ہر شہری کو اس مہم کا حصہ بن کر ملک کو سرسبز بنانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔