معرکہ حق اور یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سیو دی لائف فاؤنڈیشن پشاور میں تقریب کا انعقاد، کمشنر پشاور ڈویژن و ڈی سی مہمانان خصوصی تھے

جمعرات 14 اگست 2025 14:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) معرکہ حق اور یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سیو دی لائف فاؤنڈیشن رنگ روڈ پشاور میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد فاؤنڈیشن کے سربراہ نے ادارے کی سماجی خدمات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نور محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے یومِ آزادی کی اہمیت اور آزادی کی نعمت پر روشنی ڈالی۔ مہمانانِ خصوصی نے آزادی کی 78ویں سالگرہ پر پاکستان کی قربانیوں، ترقی اور استحکام کےلیے کیے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی اور زیر علاج نوجوانوں کو وطنِ عزیز کی خدمت کا پیغام دیا۔ یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں مہمانوں اور زیرعلاج افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے قومی پرچم لہرایا، ملی نغمے گائے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔