جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں پرچم کشائی، فضاء قومی نعروں سے گونج اٹھی

جمعرات 14 اگست 2025 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)ملک بھر کی طرح لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں بھی 78واں یومِ آزادی بھرپور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پینز پروفیسر ڈاکٹر اصف بشیر اور پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔

تقریب میں ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، ایم ایس پینز ڈاکٹر عمر اسحاق، بورڈ آف مینجمنٹ پی جی ایم آئی کے ممبران ڈاکٹر زاہد پرویز اور ڈاکٹر شبانہ حیدر نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر صاحبان، انتظامی ڈاکٹرز، نرسنگ آفیسرز، میڈیکل و نرسنگ طلبہ، اور ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ''پاکستان زندہ باد'' اور ''پاکستان کا مطلب کیا ظ لا الہ الا اللہ'' کے فلک شگاف نعرے لگائے اور پاک فوج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر امیرالدین میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور اسکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ و طالبات نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر ملی نغمے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور پروفیسر ڈاکٹر اصف بشیر نے کہا کہ پاکستان کا قیام بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے، لاکھوں لوگوں نے اس وطن کے لیے اپنی جان، مال اور عزت قربان کی۔

نوجوان نسل کو چاہیے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کو مشعلِ راہ بنائیں اور دیانت، محنت و اتحاد کے اصولوں پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں۔ڈاکٹر عمر اسحاق اور ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، خصوصاً شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، کیونکہ یہی خدمت دراصل حب الوطنی کا عملی ثبوت ہے۔تقریب کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے 250 ملازمین میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ آخر میں جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔