چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں جامع ٹریفک پلان

جمعرات 14 اگست 2025 17:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ااسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے 19 صفرچہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوس کے لیے ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی ٹیمیں عوام کی سہولت اور ہموار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اہم مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔

آئی ٹی پی حکام کے مطابق چہلم کا مرکزی جلوس سیکٹر G-6/2 میں مرکزی امام بارگاہ سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستے سے گزر تا ہوا اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔ تقریب کے دوران پولی کلینک سے کلثوم پلازہ تک فضل حق روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ مسافر کلثوم پلازہ سے چائنہ چوک تک جناح ایونیو کو متبادل کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اوی طرح 7 ایونیو دامن کوہ چوک سے چاند تارا چوک تک بلیو ایریا آؤٹر لوپ تک اور 7 ایونیو چوک سے سہروردی روڈ تک دونوں سمتوں میں بند رہے گا۔

ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے جناح ایونیو، سہروردی روڈ اور مارگلہ روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں۔اسی طرح اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک صدر روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، آبپارہ اور سہروردی روڈ متبادل کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ لال مسجد سے شہدا چوک اور جی پی او چوک تک میونسپل روڈ کو بھی دونوں سمتوں سے بند کر دیا جائے گا جبکہ شہید ملت روڈ کو تجویز کردہ راستہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پولی کلینک سے اقبال ہال تک لقمان حکیم روڈ بند رہے گی اور ٹریفک کو جناح ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔سی ٹی او ذیشان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جلوس کے راستے کے قریب غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں، صرف مخصوص پارکنگ ایریاز کا استعمال کریں اور رہنمائی کے لیے تعینات ٹریفک پولیس افسران کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ چہلم کے جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی کو ہموار رکھنے اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔