گوگل کا پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر قومی پرچم والے خصوصی ڈوڈل کے ذریعہ اظہار یکجہتی

جمعرات 14 اگست 2025 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) گوگل نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک خصوصی ڈوڈل کے ساتھ قومی پرچم کو ایک خصوصی ڈیزائن میں دکھایا ہے جو تخلیقی فن پاروں کے ذریعے قومی سنگ میل کو اعزاز دینے کی اپنی روایت کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے اتحاد اور فخر کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔واضح رہے کہ گوگل کا تازہ ترین ڈوڈل پاکستان کے شاندار ورثے اور اس کے عوام کے غیر متزلزل جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

دنیا بھر میں ثقافتی اور سماجی مواقع کی یاد میں تخیلاتی ڈوڈل بنانے کے لیے مشہور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک خصوصی تصویر کی نقاب کشائی کی ہے۔ رواں سال کے ڈوڈل میں ہلال اور ستارے کے ساتھ پاکستان کے قومی پرچم کو دکھایا گیا ہے جو ایک وسیع، کھلے آسمان پر لہراتے ہوئے قومی فخر اور آزادی کے پائیدار جذبے کی طاقتور علامت ہے۔

(جاری ہے)

گوگل ڈوڈل نے عالمی توجہ حاصل کی ہے اور ملک بھر میں جشن آزادی کے ماحول میں بھی نمایاں حصہ ڈالا ہے۔ گوگل کے ڈوڈلز اکثر کسی ملک کی بھرپور ثقافت اور ورثے کو نمایاں کرتے ہیں۔ 2025 کے یوم آزادی پر گوگل کا خصوصی ڈوڈل قومی پرچم پر مشتمل ہے جو اتحاد، لچک اور حب الوطنی کی نمائندگی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ 2011 سے گوگل اپنے ڈوڈلز کے ساتھ پاکستان کا یوم آزادی منا رہا ہے جس کی شروعات ہلال، ستارے اور مینارِ پاکستان کی سبز تھیم والی تصویر کے ساتھ کی گئی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ روایت ملک کے سالانہ تہواروں کی ایک محبوب خصوصیت بن چکی ہے۔