آئیسکو ہیڈ آفس میں یوم آزادی، معرکہ حق کی فتح کا جشن منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے پاکستان کا یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح انتہائی جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منائی۔ جمعرات کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر خالد محمود، تمام سینئر افسران، عملے کے ارکان اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو نے دیگر افسران کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر خالد محمود نے کہا کہ 14 اگست محض اتفاق نہیں ہے،یہ ہمارے بزرگوں اور اسلاف کی جدوجہد اور قربانیوں کی داستان ہے جس کے ذریعے ہم نے اپنا آزاد وطن پاکستان حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی تمام تر کوششوں کو اس مبارک ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وقف کریں اور اسے پہلے سے زیادہ عظیم تر بنائیں۔خطاب کے بعد یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔تقریب کے دوران قومی ترانوں اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے ماحول مزید خوشگوار ہوگیا۔تقریب سے چیف انجینئر کامران آفتاب، آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر شہزاد جلیل اور دیگر افسران نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آئیسکو ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشاں رہے گا کیونکہ ملک کی ترقی ہی خوشحال قوم کی ضمانت ہے۔