بلوچستان بھر میں جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منایاگیا، صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ

جمعرات 14 اگست 2025 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان بھر میں جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منایاگیا،صو بہ بھر میں کھیلوں کے سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا، نوجوان ملک دشمنوں کے پروپیگنڈہ کو مسترد کر یں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیرِ اہتمام "آزادی اور قومی یکجہتی" کے عنوان سے ایک روزہ شاندار سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مینا مجید بلوچ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو وطن کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے حب الوطنی یکجہتی اور ملکی ترقی میں یوتھ کے کردار پر زور دیااورکہاکہ آج کا دن اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ہم معرکہ حق بھی منا رہے ہیں جس میں افواج پاکستان نے وطن کادفاع کرتے ہوئے ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دیاانہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بھرپور انداز سے 14اگست یوم آزادی کا جشن منایاجارہاہے جو ایک مثبت پیغام ہے صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے ،نوجوان پاکستان کے امن وامان کے قیام کیلئے اپنا کردارادا کر یں ، ملک دشمن عناصر کی طرف سے وطن کے خلاف پروپیگنڈہ کو مسترد کردیں اور دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ریاست کاساتھ دیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز بلوچستان الیاس بلوچ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ تعلیم مثبت سوچ اور باہمی تعاون ہی پاکستان کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔تقریب میں سول سوسائٹی میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جشن آزادی کی تقریب میں پر چم کشائی اورکیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی اس مو قع پر ملی نغموں نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔طلبہ و طالبات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔اس سیمینار کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی اتحاد اور مثبت سوچ کو فروغ دینا تھا تاکہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں فعال کردار ادا کر سکیں۔