ڈیفنس فیز 6 میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے اپنے بچوں کو قتل کردیا

واقعے میں قتل ہونے والوں میں ایک بچہ اور بچی شامل ہیں جبکہ ماں کو حراست میں لے لیا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)ڈیفنس فیز 6 خیابان مجاہد میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے دو بچوں کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈیفنس فیز 6 خیابان مجاہد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں نے اپنے 2 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جس کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں قتل ہونے والوں میں ایک بچہ اور بچی شامل ہیں جبکہ ماں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، بچوں کی عمریں 4 سے 7 سال کے درمیان ہیں۔

پولیس حکام کا اس حوالے سے مزید بتانا ہے کہ طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی کے تنازع پر واقعہ پیش آیا ہے، خاتون کی ستمبر 2024 میں طلاق ہوئی تھی، بچے ہفتے میں ایک یا دو بار والدہ سے ملنے آتے تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول بچوں میں 7 سالہ ضرار اور 4 سالہ سنیعہ شامل ہیں، مقتول بچوں کے والد پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہیں، گزشتہ رات بچے والدہ کے پاس رہنے کیلئے آئے تھے، والدہ نے دوپہر کے وقت دونوں بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔