یوم آزادی تجدید عہد کا دن ،سب کو مل کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے جدو جہد کر نا ہو گی،جی محمد ایوب مر یا نی

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)ایوان صنعت وتجارت بلو چستان کے صدر حاجی محمد ایوب مر یا نی ، نا ئب صدر انجینئر میر وائس خان و دیگر نے کہا ہے کہ یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے جدو جہد کر نا ہو گی، آ زادی کی قدرنہ کر نے والی قومیں صفحہ ہستی سے مٹ جا یا کر تی ہیں ،بزنس کمیونٹی بھی ملک وقوم کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 78یوم آ زادی کے موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر 78ویں یوم آ زادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر ایوان صنعت وتجارت بلو چستان کے صدر حاجی محمد ایوب مر یا نی ، نا ئب صدر انجینئر میر وائس خان و دیگرنے صوبے کی بزنس کمیونٹی کو جشن آ زادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یوم آ زادی کا دن اپنے اکابرین اور آزادی کے لئے جدو جہد کر نے والے ہیروز کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرتے ہو ئے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کے اظہار کا تجدید عہد کر ناہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی سے بڑھ کر کو ئی نعمت نہیں، دنیا میں جو قومیں آزادی کی قدرنہیں کر تی وہ صفحہ ہستی سے مٹ جا یا کر تی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں ، انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی ترقی میں صف اول کا کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کیا جا ئے گا۔

انہوں نے اس بات پر زوردیاکہ پاکستان کی اصل قوت ہمارے کردار کی پختگی، ہمارے اتحاد کی مضبوطی، ہمارے ایمان کی روشنی، اور ہمارے اندر بسی ہوئی انسان اورانسانیت میں ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے دن رات محنت کرنی چاہیے پاکستان دو قومی نظریئے کی بنیاد پر وجود میں آیا آزادی لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور ہماری اکابرین کی جدوجہد کا ثمر ہے۔