نیشنل گرڈ کمپنی نے 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

ایم ڈی انجینئر شاہد نذیر نے ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر لاہور میں منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا

جمعرات 14 اگست 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے زیر اہتمام پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملک بھر میں این جی سی کے گرڈ سٹیشنز اور فیلڈ دفاتر میں ملی جوش و جذبے، روایتی اٴْسلوب اور حب الوطنی کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ این جی سی کے تمام بڑے دفاتر اور گرڈ سٹیشنز پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر نیو کوٹ لکھپت لاہور میں ہوئی جہاں منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور جنرل منیجرز کے ساتھ ایک پروقار تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا جبکہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے بطور مہمان خصوصی کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے اپنے آن لائن خطاب میں قیام پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آزادی کے مقاصد کے حصول کیلئے انفرادی و اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی اور ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات پر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی اور امن و اتحاد کے ساتھ ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر شاہد نذیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بابائے قوم کے وڑن ایمان، اتحاد، تنظیم پر عمل پیرا رہنے کے ہمارے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص (معرکہ حق) کے دوران بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے وطن عزیز کی ترقی کیلئے سخت محنت کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے دوران، منتخب این جی سی افسران اور ملازمین کو ادارے کیلئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ قبل ازیں سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی جبکہ این جی سی ملازمین کے بچوں نے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے قومی ترانے، ٹیبلوز پیش کئے اور تقاریر کیں۔تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو، جنرل منیجرز، چیف انجینئرز، ڈائریکٹر جنرلز، C-Suite افسران، دیگر سینئر افسران، خواتین، بچوں اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔