سوات، دو الگ الگ موٹر سائیکل حادثات میں 2نوجوان جاں بحق، 5زخمی

جمعرات 14 اگست 2025 19:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)سوات کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ موٹر سائیکل حادثات میں 2افراد جاں بحق جبکہ 5زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تحصیل مٹہ کے علاقے کوز شرپلم میں دو موٹر سائیکلوں کے مابین تیز رفتاری کے باعث تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار انور علی سکنہ شیرپلم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی عدنان سکنہ مٹہ اور رحمت علی سکنہ شیرپلم زخمی ہوگئے۔

دوسری موٹر سائیکل پر سوار نعمان اور وسیم ساکنان نلکوٹ بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسرا حادثہ فضاگٹ بائی پاس چوک کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل اور موٹرکار میں ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار عبدالرحیم ولد دولت مند ساکن بنگلہ دیش امانکوٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔